رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ ختم، ملکی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں

رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ ختم، ملکی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) رائیونڈ تبلیغی اجتماع کادوسرا مرحلہ بھارتی عالم دین مولانا ابراہیم کی دعا کیساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی دعا میں وزیر مملکت شہریار خان آفریدی  سمیت لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ 

تفصیلات کے مطابق تین روزہ رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ 8 نومبر کو شروع ہوا جس میں ڈی آئی خان، سوات، فیصل آباد اور کراچی ڈویژن سے لاکھوں کی تعداد میں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔تبلیغی اجتماع میں ملک اور قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔آج نماز فجر کے بعد بھارت سے آئے معروف عالم دین مولانا ابراہیم کی دعا کیساتھ ہی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔دعا کے دوران ہر آنکھ اشکبار تھی ۔

دوسرے مرحلے میں ملکی اور بین الاقوامی علمائے کرام نے خصوصی خطبات دیئے اور فکر آخرت پر روشنی ڈالی۔مولانا ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت بد اعمالیوں کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہے ،ہر آدمی اپنا محاسبہ کرکے اپنے گریبان میں جھانکے، دنیا بہت بڑا دھوکاہے، اللہ پاک کی قربت حاصل کرنے کیلئے دین پر چلنا ہوگا۔امیر عالمی تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب علیل ہونے کے باعث اجتماع گاہ میں شرکت نہیں کرسکے۔

 ٹریفک پولیس  کی جانب سے اجتماع گاہ سے زائرین کے انخلا کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔رائیونڈ جانے والے تمام راستوں پر ڈائیورشن لگا دی گئی  ہیں۔رائیونڈ کوٹ رادھاکشن روڈ ، رائیونڈ مانگاروڈ اور رائیونڈ سندرروڈ پر یک طرفہ ٹریفک چلائی جارہی ہے۔انخلاء کے وقت سب سے پہلے موٹر سائیکل اور رکشہ سٹینڈز کو خالی کرایا  جارہا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer