ویب ڈیسک: کراچی یونیورسٹی میں خودکش بم دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے خودکش بمبار خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے۔
خودکش بمبار خاتون آخری بار شاہراہ فیصل پر واقع ہوٹل میں اپنے شوہر اور بچوں سے ملنے گئی جب کہ ویڈیو میں خاتون کو بچوں کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ خاتون کے کاندھے پر سیاہ رنگ کا بیگ لٹکا ہوا ہے اور کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکے کے لیے یہی بیگ استعمال کیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہےکہ خاتون بچوں کو شوہر کے حوالے کرنے آئی تھی جب کہ خاتون کے شوہر کی گرفتاری کے لیے اسی ہوٹل میں چھاپا مارا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ریکارڈ کے مطابق ہوٹل میں خاتون کا شوہر افتخار نامی شخص کے ساتھ آتا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی یونیورسٹی میں 26 اپریل کو ہونے والے خودکش دھماکے میں 3 چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔