عابد چودھری:یومِ شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر مرکزی جلوس کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق ضریح مبارک کا جلوس مبارک حویلی اندرون اکبری گیٹ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے ہدایت کی ہے کہ جلوس کے راستوں پر ایمبولینس اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے فوری طور پر راستہ کلیئر رکھا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
مرکزی جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کی گاڑیوں کے لیے سات مختلف مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایک موریہ سے مستی گھاٹی شیرانوالہ گیٹ تک سنگل لائن پارکنگ کی اجازت ہوگی، جبکہ حیدر سائیں، گریٹر اقبال پارک، سلیم ماڈل ہائی اسکول اور چیمبر لین کو بھی پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ برانڈرتھ روڈ اور دہلی دروازہ کے قریب بھی گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیوٹی کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر بھی کڑی نظر رکھیں۔
ٹریفک پلان کے تحت آزادی فلائی اوور سے آنے والی ٹریفک کو ریلوے اسٹیشن کی جانب موڑ دیا گیا ہے، جبکہ لنڈا بازار سے اندر سرکلر روڈ کی طرف آنے والی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ اسی طرح چوک میلاد سے اندرون دہلی گیٹ اور مسجد وزیر خان کی جانب ہر قسم کی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق آزادی فلائی اوور سے بھاٹی چوک جانے والی سڑک بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ لوئر مال روڈ پر کسی بھی ملحقہ سڑک سے ٹریفک کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کچہری چوک سے کربلا گامے شاہ تک لوئر مال روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ پانی والا تالاب سے رنگ محل کی جانب جانے والی سڑک بھی بند رکھی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک پلان کو مدنظر رکھیں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔