ویب ڈیسک: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کا قصر اسلام میں پرتپاک استقبال کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا.
سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں یوکرینی بحران کے حل اور امن کے حصول کے لئے عالمی کوششوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے اثرات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یوکرینی بحران کے حل کیلئے عالمی کوششوں کو سراہا اور ان کی کامیابی کے لیے مزید اقدامات پر زور دیا۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نےبھی سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی جانب سے امن اور سلامتی کے قیام کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔