ویب ڈیسک: وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھ علیم خان کی لندن میں قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات، اہم سیاسی و ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق علیم خان کا ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان ہے۔
لندن ایک بار پھر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔ جہانگیر ترین سے ملنے کیلئے لندن جانے والے تحریک انصاف کے ناراض رکن علیم خان کی سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نوازشریف کے بیٹے حسن نواز اورحسین نواز بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کے درمیان بدھ کو ہونے والی ملاقات کا دورانیہ تین گھنٹے سے زائد تھا۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق علیم خان نے نوازشریف کو بتایا کہ ان کے ساتھ تین سال تک کیا ہوتا رہا۔ ان کی اپنی جماعت پی ٹی آئی نے انہیں کس طرح نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق علیم خان نے لندن آنے سے قبل لاہور میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔