ویب ڈیسک:معروف اداکارہ صنم سعید نے اپنی شخصیت اور ظاہری شکل پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو مؤثر انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کی تخلیق پر اعتراض دراصل خالق کی تخلیق پر سوال اٹھانے کے مترادف ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران صنم سعید سے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے سوال کیا گیا۔ اس پر انہوں نے کہا کہ انہیں آن لائن دنیا میں بہت کم تنقید کا سامنا کرنا پڑا، البتہ بعض افراد نے انہیں "کوجی" کہہ کر مخاطب کیا۔
میزبان کی جانب سے اس لفظ کے معنی بتائے جانے پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اگر کچھ لوگ انہیں خوبصورت نہیں سمجھتے تو اس میں ان کا کوئی قصور نہیں، کیونکہ وہ جیسی ہیں ویسی ہی اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی شکل و صورت پر تنقید دراصل اللہ کی تخلیق پر تنقید کے مترادف ہے۔
صنم سعید کا کہنا تھا کہ ان کے خدوخال ایک روایتی پاکستانی چہرے کی عکاسی کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اکثر لوگ انہیں دیکھ کر کہتے ہیں کہ ان کی بیٹی یا خاندان کا کوئی فرد ان جیسا دکھائی دیتا ہے، جس پر وہ ہنستے ہوئے جواب دیتی ہیں کہ وہ ایک "کلاسک پاکستانی چہرہ" رکھتی ہیں۔
اداکارہ کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے اور صارفین ان کے اعتماد اور مثبت سوچ کی تعریف کر رہے ہیں۔