خورشیدرحمانی:پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے 28L/10R کو 17 جولائی تک روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک فلائٹ آپریشن کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ رن وے پر طیاروں کے ٹائروں سے جمع ہونے والی ربڑ کی باقیات ہٹانے اور رن وے کی بحالی کے کام کے لیے کیا گیا ہے۔
اس دوران اسلام آباد ایئرپورٹ کا متبادل رن وے (28R/10L) فلائٹ آپریشن کے لیے دستیاب رہے گا، تاکہ پروازوں کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رکھا جا سکے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے نوٹم (NOTAM) جاری کرتے ہوئے تمام ایئرلائنز کو پیشگی آگاہ کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی لینڈنگ کی صورت میں مرکزی رن وے کو 15 منٹ کے اندر دوبارہ آپریشنل کیا جا سکے گا۔