عمران یونس:یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سابق ڈین، ممتاز ماہرِ اسلامی فنِ تعمیر اور معروف کارٹونسٹ پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود المعروف میکسم انتقال کر گئے ہیں۔
ان کے انتقال پر علمی، تحقیقی اور فنی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے پروفیسر ڈاکٹر شوکت محمود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات نہ صرف یو ای ٹی بلکہ ملک کے علمی، تحقیقی اور فنی شعبوں کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اسلامی فنِ تعمیر کے فروغ اور کارٹون آرٹ کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں، جبکہ اپنی علمی قابلیت، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان اور یو ای ٹی کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
وائس چانسلر نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی و فنی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔