ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر مری میں سیاحوں کے داخلے پر 17 جنوری 2022 تک پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ لیکن اس کے بعد بھی اگر آپ برفباری دیکھنے مری یا کسی بھی پہاڑی علاقے میں جائیں تو پانچ باتوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے ۔
برف سے اٹی سڑکوں پر گاڑی چلانا ایڈونچر تو ہے لیکن خطرناک بھی ہے۔ گاڑی ڈرائیو کرتے ہوٖئے موسم کی خرابی پر یا راہ بھٹک جانے پر گھنٹوں کے لئے پھنس بھی سکتے ہیں۔ سب سے بہترین مشورہ تو یہ ہے کہ برفانی طوفان کی صورت میں سفر نہ کیا جائے لیکن اگر سفر ناگزیر ہے درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں۔
گاڑی کا مکمل چیک اپ
انجن بہترین حالت میں ہونا چاہئیے
بیٹری مکمل چارج ہونی چاہئیے۔ بیٹری کی چارجنگ کے لئے اضافی کیبلز کا سیٹ موجود ہوناچاہئیے
ریڈی ایٹر صاف اور بہترین کارکردگی کا حامل ہوناچاہئیے
ونڈشیلڈ وائپرز اور اسکرین پر پانی پھینکنے والے جیٹ چالو حالت میں ہونے چاہئیں
''آلٹرنیٹر'' اور دیگر الیکٹرانکس چالو اور درست حالت میں ہونے چاہییں
'' ڈی فاگر'' یا '' ڈی فراسٹ'' چالو حالت میں ہونا چاہئیے۔
ایمرجنسی کٹ
سرف کرنے سے پہلے ضروری ہے ایک ایمرجنسی کٹ تیار حالت میں رکھی جائے جس میں ایک ٹارچ بمعہ فریش سیل، کمبل، گاڑی کھینچنے کا رسہ، بیلچہ، پہیوں کے آگے رکھنے والی رکاوٹیں، ونڈ اسکرین سے برف ہٹانے کے لئے پلاسٹک کا اسکریپر، پانی کی بوتلیں، برف کو منفی پانچ درجے سینٹی گریڈ پر بھی نہ جمنے دینے کے لئے دس کلو تک نمک، کھانے پینے کی خراب نہ ہونے والی اشیا( چاکلیٹ ، بسکٹ، فرائی چکن نگٹس ، چپس، نمکو وغیرہ) اور فرسٹ ایڈ پر مشتمل کٹ شامل ہونی چاہئیے۔
سخت سردی کے باعث ہیٹر چلانا بھی پڑے تو ایک گھنٹے میں دس منٹ سے زائد ہیٹر نہ چلائیں۔ گاڑی کے شیشے مکمل بند کرکے ہیٹر نہ چلائیں ۔تھوڑے سے کھلے رکھیں تاکہ تازہ ہوا آتی رہے۔گاڑی کا سائلنسر چیک کرتے رہیں اور اس کے آگے برف نہ جمنے دیں۔ بیلچے سے برف ہٹا دیں۔