کورونا وائرس کے بے رحم وار جاری،حکومت نے بھی بڑا قدم اٹھا لیا

کورونا وائرس کے بے رحم وار جاری،حکومت نے بھی بڑا قدم اٹھا لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : کورونا وائرس کے بے رحم وار جاری،مزید 32 زندگیاں ہار گئیں،ویکسین کی طبی آزمائش کا مرحلہ بھی قریب پہنچ گیا۔

کورونا وائرس کے خلاف پاکستان میں چین کی تیار کی جانیوالی ویکسین کی طبی آزمائش کا مرحلہ اب ختم ہونے کے قریب ہے۔ویکسین لگوانے والے تمام رضاکاروں کی طرف سے کوئی شکایت نہیں کی گئی جس کی بنا پر اس ویکسین کو پاکستانی عوام کیلیے محفوظ اور پراثر کہا جا سکتا ہے، ویکسین کی طبی  آزمائش تین ماہ پہلے ملک بھر کے5 طبی مراکز میں شروع کی گئی تھی۔

 قومی ادارہ صحت کی ہیڈ آف ویکسین پروڈکشن ڈاکٹر غزالہ پروین نےکہا ہے کہ اس ویکسین کی آزمائش کیلئے 18ہزار رضاکاروں کی ضرورت ہے اور ابتک 16ہزار سے زائد لوگ بھرتی ہوچکے ہیں۔قومی ادارہ صحت کی ڈاکٹرعمیرہ نصیر نے کہاطبی آزمائش پاکستانی آب و ہوا میں پاکستانی لوگوں پر کی جار رہی ہے، ریکومبیننٹ ناول کورونا وائرس ویکسین نامی یہ ویکسین کین سائنو بائیو اور بیجنگ کے انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی چائنہ نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

  دوسری جانب چینی ادویات بنانیوالے گروپ سائینوفارم نے کورونا ویکسین پاکستان لانے کی اجازت مانگ لی اور کورونا ویکسین رجسٹریشن کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو درخواست دیدی، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا منظوری کیلئے اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کورونا وائرس سے مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 976 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 4 ہزار 293 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 877 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 45 ہزار 508، سندھ میں 2 لاکھ 26 ہزار 338، خیبر پختونخوا میں 61 ہزار 424، بلوچستان میں 18 ہزار 412، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 880، اسلام آباد میں 39 ہزار 242 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 489 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 71 لاکھ 22 ہزار 538 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 4 لاکھ 58 ہزار 371 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 286 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں 4 ہزار 272، سندھ میں 3 ہزار 699، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 740، اسلام آباد میں 441، بلوچستان میں 188، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 235 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer