ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

امریکی نائب معاون وزیر خارجہ کی وزیرِ خزانہ سے ملاقات، معاشی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

امریکی نائب معاون وزیر خارجہ کی وزیرِ خزانہ سے ملاقات، معاشی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ جان مارک پومرشائم نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

وزارتِ خزانہ کے مطابق وزیرِ خزانہ نے امریکی وفد کو ملکی معاشی صورتحال، استحکام کے اقدامات اور جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی،انہوں نے پائیدار اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی جانب منتقلی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ مالیاتی خسارے میں کمی اور کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری آ رہی ہے جبکہ آئی ٹی برآمدات اور ترسیلاتِ زر میں اضافے سے معاشی اشاریوں میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

 وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ داخل ہونے اور پانڈا بانڈ کے اجرا کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اس کے علاوہ بینکاری شعبے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ 

  انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کا آغاز بھی متوقع ہے۔

 اس موقع پر امریکی نائب معاون وزیر خارجہ جان مارک پومرشائم نے پاکستان کی مالیاتی اصلاحات اور معاشی استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ امریکی کاروباری ادارے پاکستان میں اصلاحاتی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

 ملاقات میں دونوں ممالک نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

  ملاقات میں پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔