کلیم اختر: وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت رمضان نگہبان اور مریم نواز راشن کارڈ پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاکھوں رجسٹرڈ محنت کشوں کے لیے ریلیف اور عملی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ محنت کش ماہانہ 3 ہزار روپے کی راشن سبسڈی حاصل کر رہے ہیں، جبکہ ماہِ رمضان کے دوران راشن کارڈ کے تحت ہر محنت کش کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، جس کا اعلان ذوالفقار علی کھرل نے کیا۔
کمشنر سوشل سکیورٹی نے تمام فیلڈ دفاتر کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ اور رپورٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اجلاس میں مریم نواز راشن کارڈ کی تقسیم میں تیزی لانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ مستحقین تک بروقت ریلیف پہنچ سکے۔
ذرائع کے مطابق پروگرام کے تحت لاکھوں محنت کشوں کو ماہانہ سبسڈی اور رمضان میں اضافی مالی معاونت کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ فیلڈ دفاتر کی کارکردگی کی نگرانی بھی سخت کی جائے گی۔