شاہدسپرا: پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی (پی آئی ٹی سی) کی مبینہ نااہلی کے باعث سولر سسٹم لگوانے والے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ نیٹ میٹرنگ کے لیے جمع کرائی گئی ہزاروں درخواستیں التواء کا شکار ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ترمیم کے باوجود نئے کنکشن کا حصول عملاً ناممکن بنتا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے سولر صارفین سے آن لائن درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم پی آئی ٹی سی تاحال متعلقہ آن لائن پورٹل کو فعال نہیں کر سکی۔
بتایا گیا ہے کہ دو ماہ گزرنے کے باوجود آن لائن پورٹل آپریشنل نہ ہو سکا، جس کے باعث سولر سسٹم نصب کروانے والے شہریوں کی فائلیں روک لی گئی ہیں۔ پورٹل کی عدم دستیابی کے باعث درخواست دہندگان آن لائن اپلائی نہیں کر پا رہے اور تمام عمل تقریباً منجمد ہو کر رہ گیا ہے۔
چند روز قبل لیسکو کی جانب سے نیپرا کو آن لائن پورٹل سے متعلق جواب داخل کروایا گیا تھا اور نیپرا کے وضاحتی نوٹس کا بھی جواب دے دیا گیا، تاہم عملی طور پر نیٹ میٹرنگ کے معاملات میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو میں سولر سسٹم پر نیٹ میٹرنگ کنکشن لینے کے خواہشمند صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کو مالی و ذہنی پریشانی کا سامنا ہے بلکہ قابل تجدید توانائی کے فروغ کی حکومتی کوششیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔