فاران یامین: لاہور پولیس کمانڈ کی ہدایت پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کا سلسلہ نومبر میں بھی جاری کر دی۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ای پولیس ایپ اور جدید سوفٹ ویئر کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موبائلز سکواڈ نے ماہِ نومبر کے دوران 220 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ 143 عدالتی مفروران اور 33 عادی مجرمان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ ای پولیس سوفٹ ویئر کے ذریعے 3 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا چیک کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مختلف ناکہ جات پر 59 ہزار 396 گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی چیکنگ بھی کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران منشیات فروشوں سے 352 بوتلیں شراب، 520 گرام آئس اور چرس برآمد ہوئی۔
ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم میں 19 پسٹلز، 13 رائفلیں، درجنوں گولیاں اور میگزینز ضبط کیے گئے۔ علاوہ ازیں 150 بلیک پیپر اور نیلی بتی والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور موثر نگرانی کے عمل کو مزید تیز کر رہی ہے۔