نگران وزیر اعظم سے کراچی کے معروف صنعت کاروں اور تاجروں کی ملاقات

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی:  نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے صوبہ سندھ بالخصوص کراچی سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں اور تاجروں کے وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وفد میں چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا، چیف کوآرڈینیٹر انڈسٹریل فورم محمد جاوید بلوانی، پیٹرن ان چیف لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مقصود اسماعیل, سابق چئیر مین آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن سلیم پاریکھ، پیٹرن ان چیف بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میاں محمد احمد، صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری فیصل معیز اور دیگر شامل تھے۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی میں صنعت کاروں اور کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے۔ حکومت صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

 وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صنعتوں کے لئے  بجلی کے مسابقتی نرخ متعارف کروائے جائیں جس سے صنعتوں اور عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیر اعظم نے نگران وفاقی وزیر خزانہ اور نگران وفاقی وزیر توانائی کو صنعتوں کے لیے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے صنعت کاروں کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، تاہم ٹیکس نیٹ کے بڑھانے میں کاروباری برادری کا کردار کلیدی ہے۔ نیٹ کے بڑھانے میں کاروباری برادری حکومت کا ساتھ دے ۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور معیشت کی بحالی کے لیے حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے دوران صنعت کاروں اور تاجروں سے شروع کی گئی مشاورت کا تسلسل ہے۔ ملاقات میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ، نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران بھی موجود تھے۔