سٹی 42: لاہور کے ٹاؤن شپ انویسٹی گیشن پولیس کی حراست میں دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے پر سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خواتین پر تشدد ثابت نہیں ہوا۔
پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ دونوں خواتین کی ہلاکت 4 اگست کو ہوئی تھی۔ پریس کانفرنس میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور ڈی آئی جی انویسٹیگیشن سید ذیشان رضا بھی شریک تھے۔
سی سی پی او کے مطابق 15 پر نوسربازی کی موصول ہونے والی کال پر دونوں خواتین کو تھانے لایا گیا تھا، جبکہ شہری ذیشان لطیف کی مدعیت میں خواتین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ خواتین کی حالت خراب ہونے پر ریسکیو اہلکاروں نے انہیں جناح ہسپتال منتقل کیا، جہاں ہسپتال انتظامیہ نے دونوں خواتین کو مردہ قرار دے دیا۔
سی سی پی او کے مطابق جیوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں 176 کی کارروائی مکمل کی گئی جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خواتین پر تشدد ثابت نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی ہلاکت کے حوالے سے فرانزک اور کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ کا انتظار ہے۔