ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹرمپ کی کمپنی کو ساحل پر بغیر اجازت سامان اتارنے پرگرین لینڈ حکومت کی’’سخت وارننگ‘‘

 ٹرمپ کی کمپنی کو ساحل پر بغیر اجازت سامان اتارنے پرگرین لینڈ حکومت کی’’سخت وارننگ‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: گرین لینڈ  کی حکومت نے ضروری سرکاری منظوری حاصل کئے بغیر تیل کی تلاش کے لئے استعمال ہونے والی ڈرلنگ مشینری ساحل پر اتارنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسلک ایک آئل کمپنی کو ’’ سخت وارننگ‘‘ جاری کردی۔

برطانوی اخبار ’دی ٹیلیگراف‘کی رپورٹ کےمطابق  گرین لینڈ کے محکمہ صنعت و معدنیات کے مطابق گزشتہ ماہ جزیرہ کے مشرقی ساحل پر تیل کی تلاش کے لئے مجوزہ ڈرلنگ کے مقصد سے مشینری اتاری گئی، تاہم کمپنی کے پاس اسکے لئے ضروری اجازت نامے موجود نہیں تھے۔ محکمے نے کہا کہ لائسنس ہولڈر کو سخت وارننگ بھیجی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ اس منصوبے کی مالی معاونت گرین لینڈ انرجی نامی ٹیکساس میں قائم کمپنی کر رہی ہے، جو گزشتہ سال قائم ہوئی تھی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جیمیسن لینڈ کے علاقے کے زیرِ زمین تقریباً ایک ٹریلین ڈالر مالیت کا خام تیل موجود ہو سکتا ہے۔ کمپنی نے مالی معاونت کے عوض تیل کی تلاش کے اس منصوبے میں اکثریتی حصص حاصل کیے ہیں۔ گرین لینڈ کے حکام کی منظوری کے بغیر ڈرلنگ کا کام شروع نہیں کیا جا سکتا۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے گرین لینڈ میں ایک بار پھر دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مقامی باشندوں کی جانب سے ڈرلنگ کا سامان ساحل پر اتارے جانے کی اطلاع دیئے جانے کے چند روز بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ٹروتھ سوشل‘ پر مصنوعی ذہانت(اے آئی) سے تیار کردہ ایک تصویر پوسٹ کی، جس میں انہیں گرین لینڈ کے ایک گاؤں کا نظارہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا: ’’ہیلو، گرین لینڈ!۔ اس سے قبل جنوری 2025میں ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے فوجی طاقت کے استعمال کے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔