سٹی42: ایک جانب سرکاری اسکولز میں فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے تو دوسری جانب حکومت نے ایجوکیشن کرکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) میں 3 کروڑ روپے ماہانہ تنخواہوں پر اعلیٰ افسران کی بھرتیوں کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
دستاویزات کے مطابق 65 اعلیٰ عہدیداران کی کنٹریکٹ پر بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 3 مینیجنگ ڈائریکٹرز (ایم ڈی) کی بھرتی کے لیے 9 لاکھ 75 ہزار روپے ماہانہ فی کس کی تنخواہ تجویز کی گئی ہے۔10 ڈائریکٹرز کی بھرتی 7 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر کی جائے گی۔
22 ڈپٹی ڈائریکٹرز کو 4 لاکھ 75 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی30 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو 3 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر کنٹریکٹ پر رکھا جائے گا۔
ان تمام بھرتیوں پر ماہانہ مجموعی اخراجات 2 کروڑ 90 لاکھ 5 ہزار روپے بنتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ (PCTB)، پیک، اور قائد اکیڈمی کے لیے الگ الگ بجٹ منظوری دی گئی تھی تاہم پیکٹا کے قیام سے قبل ان اعلیٰ عہدوں پر بھرتیوں کے لیے کوئی بجٹ مختص نہیں کیا گیا تھا۔
مزید یہ کہ بھرتیوں کے لیے تین سالہ کنٹریکٹ تجویز کیا گیا ہے۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ سے تاحال ان بھرتیوں کے لیے باقاعدہ منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ پیکٹا حکام کے مطابق فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھرتیوں کی منظوری کے لیے مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔