ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے ڈیڑھ کروڑ روپے کے جعلی چیک کے مقدمے میں گرفتار ملزم ریاض سہیل کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی اور ٹرائل جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی، جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مائدہ ثوبیہ پیش ہوئیں۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ "ملزم کے وکیل صاحب کہاں ہیں؟" جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ وہ دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں 27 جون 2023 کو پاکستانی نژاد کینیڈین شہری اظہر احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا۔ مدعی کا مؤقف ہے کہ انہوں نے ملزم کے ساتھ انویسٹمنٹ کی تھی اور گارنٹی کے طور پر چیک دیا گیا، جو بعد میں باؤنس ہوگیا۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے خلاف باؤنس چیک کے مزید 20 مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ یہ چیک دراصل گارنٹی کے طور پر دیا گیا تھا، تاہم چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ "وکیل صاحب، بتائیے کہاں لکھا ہے کہ یہ گارنٹی چیک ہے؟" اور دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App