(سٹی 42) فیملی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے ہم نام شہری شہبازشریف کو اپنی اہلیہ کو 10 ہزار روپے ماہانہ خرچہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
فیملی کورٹ میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے ہم نام شخص شہباز شریف کی جانب سے ماہانہ خرچہ نہ دینے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، خاتون ریحانہ کوثر نے محمد سلیم ایڈووکیٹ کی وساطت سے دعویٰ دائر کر رکھا تھا، درخواست گزار خاتون کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ شہری شہباز شریف سے 2014 میں محبت کی شادی کی، شوہر نے معمولی تلخ کلامی کے بعد گھر سے نکال دیا، شوہر نے ماہانہ 10 ہزارخرچے کی حامی بھری تھی، اب میرا شوہر شہباز شریف ماہانہ 10 ہزار روپے خرچہ ادا نہیں کررہا ہے۔
درخواستگزار خاتون کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت شوہر شہباز شریف سے10ہزار ماہانہ خرچہ ادا کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد شہباز شریف کو اپنی بیوی کوثر کو ماہانہ خرچہ 10 ہزار روپے دینے کا حکم دیدیا۔