در نایاب: ایل ڈبلیو ایم سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی مدت کا دورانیہ ختم ہونے کا معاملہ ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ایل ڈبلیو ایم سی کے موجود بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تین سالہ توسیع کی سمری اعتراض لگا کر مسترد کردی. کمپنی ایکٹ پر پورا نہ اترنے والے بورڈ ممبرز کی بجائے نیا بورڈ تجویز کرنے کا حکم دے دیا گیا. لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا بورڈ چار مئی دوہزار بیس کو اپنی مدت پوری کرلے گا.
ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بورڈ کی توسیع کی سمری ارسال کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ۔ لوکل گورنمنٹ کے مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے موجودہ بورڈ کے ممبران اور ان کی توسیع کا معاملہ کمپنی ایکٹ دوہزار سترہ پر پورا نہیں اترتا ۔ مراسلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹر کے نئے ناموں کو سختی سے کمپنی ایکٹ کے مطابق تجویز کیا جائے ۔
ذرائع کے مطابق موجودہ بورڈ کی توسیع ایم ڈی نے کمپنی سیکرٹری جبکہ کمپنی سیکرٹری نے چئیرمین کے کہنے پر تجویز کی ۔ سمری کے مطابق اعزازی چئیرمین نان ایگزیکٹو پوسٹ پر ایک مرتبہ پھر ریاض حمید چودھری کو توسیع دینے کی تجویز دی گئی تھی ۔ایکس آفیشیو پوسٹ پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری فنانس کا نمائندہ اور ڈی سی لاہور کے ناموں کو برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ۔ ایگزیکٹو ممبر پر ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی اور نان ایگزیکٹو پوسٹ پر چیف پی اینڈ ڈی کلائمیٹ چینج کو برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ۔
آزاد ممبران پرائیویٹ سیکٹر کے کامران خورشید ، خلیق الزمان اور احمد طحہ کا نام برقرار رکھنے کے تجویز دی گئی ۔ پرائیویٹ سیکٹر سے لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈ طارق محمود کا نام برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ۔ حال ہی میں بورڈ کی سفارشات میں شامل کی گئی پبلک سیکٹر سے مریم ممدوٹ کا نام بھی مزید توسیع کے لئے تجویز کردیا گیا ۔توسیع کی سمری میں از خود ترمیم کرکے پندرہ کی بجائے گیارہ بندوں کے بورڈ کو نامزد کردیا گیا ۔ لوکل گورنمنٹ نے ایکس آفیشو پوسٹس کم کرکے پرائیویٹ سیکٹر کے ممبران کے اضافے کو اصولی طور پر رد کیا.
ذرائع کے مطابق لوکل گورنمنٹ نے پرائیویٹ سیکٹر کے منظور نظر ممبران کی قواعد و ضوابط کے برخلاف نامزدگی کو بھی چیلنج کردیا ۔ ذرائع کے مطابق سمری میں حیران کن طور پر ممبر پی اینڈ ڈی کی ایکس آفیشو پوسٹ کو بھی ختم کردیا گیا ۔