سٹی 42: پنجاب میں فضائی آلودگی کے خلاف محکمہ ماحولیات نے نائٹ آپریشن مزید تیز کردیا ہے۔ نائٹ سکواڈز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 256 سے زائد ریسٹورنٹس کی انسپکشن کی، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 47 سے زائد ریسٹورنٹس سیل کردیئے گئے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور میں 30 ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 27 کو سیل جبکہ 3 کو نوٹس جاری کیے گئے۔ بی بی کیو اور گرِلنگ کرنے والے ریسٹورنٹس کے لیے مناسب سکشن ہُڈ اور فعال ایگزاسٹ سسٹم لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دھواں پیدا کرنے والی کوکنگ سکشن ہُڈ کے بغیر کرنے والے ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیا جائے گا۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ سکشن ہُڈ کوئی اختیاری سہولت نہیں بلکہ ریسٹورنٹس کے لیے لازمی ماحولیاتی شرط ہے۔ نائٹ سکواڈز ہر ریسٹورنٹ میں سکشن ہُڈ اور ایگزاسٹ سسٹم کی موجودگی اور فعالیت چیک کریں گے، جبکہ صرف ریسٹورنٹس ہی نہیں بلکہ آلودگی پھیلانے والے ہر ادارے کی نگرانی کی جائے گی۔
ترجمان محکمہ ماحولیات ساجد بشیر نے کہا کہ نائٹ سکواڈز کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلا دیا گیا ہے، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر دن ہو یا رات، کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں آلودگی پھیلانے والوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیر شیخ نے کہا کہ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ کوئی بھی ادارہ ماحولیاتی قوانین سے بالاتر نہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔