ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

معروف بھارتی اداکار دوست کے ہاتھوں قتل

 معروف بھارتی اداکار دوست کے ہاتھوں قتل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  فلم "جھنڈ" میں امیتابھ بچن کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھانے والے نوجوان بھارتی اداکار پریانشو کو ان کے قریبی دوست نے قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سالہ اداکار پریانشو جنہیں بابو روی سنگھ چھیتری کے نام سے بھی جانا جاتا تھا اُن کو مہاراشٹر کے شہر ناگپور کے علاقے جاری پٹکا میں قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق پریانشو اور ان کا دوست دھرو لال بہادر اکثر ساتھ مل کر شراب نوشی کرتے تھے۔ منگل کی رات دونوں ایک ویران مکان میں شراب پینے گئے جہاں کسی بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران پریانشو نے دھرو کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی، جس کے بعد وہ سو گیا۔ دھرو نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پریانشو کے ہاتھ پاؤں پلاسٹک کی تاروں سے باندھے اور تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔

بدھ کی صبح مقامی لوگوں نے پریانشو کو نیم برہنہ اور زخمی حالت میں دیکھا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور جلد ہی ملزم دھرو لال بہادر کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، نشے کے دوران ہونے والا معمولی جھگڑا اس ہولناک قتل کی وجہ بنا۔

پریانشو نے 2022 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم "جھنڈ" میں ایک اہم معاون کردار ادا کیا تھا، جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ نوجوان اداکار کی المناک موت پر مداحوں، ساتھی فنکاروں اور فلمی حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔