ڈینگی ورکر پر تشدد کا افسوسناک واقعہ

ڈینگی ورکر پر تشدد کا افسوسناک واقعہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) ڈینگی سرویلنس کیلئے مصری شاہ کے علاقے میں ایک گھر میں داخل ہونیوالی لیڈی ورکر پر اہلخانہ کا تشدد، لاتوں اور گھونسوں سے پٹائی کے بعد سیڑھیوں سے دھکا دیدیا، متاثرہ لیڈی ڈینگی ورکر طبی امداد کیلئے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں داخل جبکہ ڈینگی ورکرز کا کارروائی نہ ہونے پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج، رات گئے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

شہر میں ڈینگی بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کو روکنے کیلئے گھر گھر ڈینگی سرویلنس کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، اسی سلسلے میں ڈینگی ورکرز کی ٹیم نے مصری شاہ کے علاقے میں سرویلنس کی۔ اس دوران حسن مسعود نامی شخص کے گھر میں داخل ہونے والی لیڈی ڈینگی ورکر شمائلہ کو اہلخانہ نے سرویلنس سے روک دیا اور لاتوں، گھونسوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سیڑھیوں سے دھکا دیدیا جس سے شمائلہ زخمی ہوگئی۔

زخمی لیڈی ورکر کو طبی امداد کیلئے گورنمنٹ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں داخل کروایا دیا گیا جہاں اس کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ واقعہ کے خلاف ڈینگی ورکرز تھانہ مصری شاہ کے سامنے جمع ہوگئے اور حملہ آوروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر پر ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔

ورکرز کے احتجاج کے بعد رات گئے پولیس نے حسن مسعود نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔