وقاص احمد: کوٹ لکھپت، لیاقت آباد اور چوکی صوئے اصل پولیس نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے تین گمشدہ بچوں کو تلاش کر کے ان کے والدین کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق مختلف تھانوں کو بچوں کے اغواء سے متعلق والدین کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جس پر فوری طور پر تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔
کوٹ لکھپت پولیس نے 4 سالہ ایان کو ایوب روڈ سے بحفاظت تلاش کیا۔ لیاقت آباد پولیس نے 5 سالہ اذان کو کیو بلاک کے نالے کے قریب سے ڈھونڈ نکالا، جبکہ چوکی صوئے اصل پولیس نے 14 سالہ علی رضا کو گجومتہ بس اسٹاپ سے بازیاب کیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق بچوں کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنہوں نے جدید وسائل اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں بچوں کو بحفاظت ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن اور نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔