ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ہسپتالوں کیلئے وبال جان بن گئی

ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ہسپتالوں کیلئے وبال جان بن گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے اپ گریڈ ہونے والی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ٹیچنگ ہسپتالوں کیلئے وبال جان بن گئی، رواں مالی سال میں خریدی گئی سیکڑوں ادویات کے نمونے تاحال ٹیسٹنگ کے منتظر ہو گئے۔

سابقہ حکومت نے کروڑوں روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو اپ گریڈ کیا اور اسے سٹیٹ آف دی آرٹ لیب بنانے کا دعویٰ بھی کیا گیا لیکن ڈی ٹی ایل کی جانب سے ادویات کے نمونے ٹیسٹ کرنے میں تاخیر بدستور معمول ہے۔ لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں رواں مالی سال کے دوران خریدی گئی ادویات کے سینکڑوں نمونے لیبارٹری تجزیہ کے منتظر ہیں۔ خریدی گئی ادویات کا سٹاک ٹیچنگ ہسپتالوں میں پہنچ چکا ہے لیکن ڈی ٹی ایل کی رپورٹ موصول نہ ہونے کی وجہ سے خریدی گئی ادویات کو استعمال نہیں کیا جارہا۔

ادویات کے نمونوں کے ٹیسٹ میں تاخیر پر ٹیچنگ ہسپتالوں کی جانب سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو متعدد یاددہانی کے نوٹس بھی بھجوائے گئے ہیں لیکن بار بار ریمائنڈر بھجوانے کے باوجود ڈی ٹی ایل تمام ادویات کے نمونے مقررہ مدت میں کلیئر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی جس کے باعث خریدی گئی ادویات مریضوں کے علاج معالجے کیلئے استعمال میں نہیں لائی جا رہی۔