ویب ڈیسک:وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے عید پر خصوصی ٹرینیں چلانے اور کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے نگرانی کے آلات نصب کرنے پر زور دیا جائے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا ریلوے کی آمدنی میں اضافے اور اخراجات میں کمی لائی جائے گی، 25 رمضان المبارک سے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی اور عید پر کرایوں میں کمی کریں گے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، ایم ایل ون پر مختلف ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عید الفطر کی نسبت سے 4 اسپیشل عید ٹرینیں چلارہے ہیں، آج محکمہ ریلوے پر وزارت میں بریفنگ لی ہے،عید کے دنوں میں مسافروں کو20 فیصد تک کرایوں میں ریلیف دیں گے،مسافروں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ حنیف عباسی کو حال ہی میں وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے اور انہیں تین روز پہلے ہی وزارت ریلوے کا قلمدان دیا گیا ہے۔