(علی ساہی)جیلوں میں مقید افراد کی محنت سے حکومت کو کروڑوں کافائدہ۔لاہورکی سنٹرل جیل سمیت پنجاب کی دیگر جیلوں میں تیارکی جانیوالی 18 مختلف اشیاءمیں پونے 9کروڑکامنافع کمالیا گیا۔ قیدیوں کی اجرت اور نفع کو وسعت دینے کیلئے آئی جی جیل نے دورِحاضر کے مطابق انڈسٹری کو اپ گریڈ کرنے کی بھی سمری بھجوا دی۔
تفصیلات کے مطابق معمولی اجرت لیکن محنت سے قیدیوں نے حکومت کوکروڑوں روپے کما کر دیئے ہیں۔ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں نے لگ بھگ پونے 9 کروڑ کا منافع کمایا۔گزشتہ پانچ برسوں میں پنجاب بھرسے21 ہزارسے زائد قیدیوں نے 8 کروڑ 76 لاکھ منافع کمایا۔ جیل میں قیدیوں نے 18 مختلف اشیاء تیارکیں،جنہیں مارکیٹ میں فروخت کیاگیا۔
جیل میں قیدیوں نے وول کے قالین، کمبل، کٹ باکس، سائیڈ لاکر، فرنیچرسمیت دیگرچیزیں تیارکیں۔ قیدیوں نے جیل میں ٹیکسٹائل سے سب سے زیادہ 2 کروڑ سے زیادہ منافع کمایا۔ قیدیوں کی جانب سے کمائی گئی ساری رقم چالان کی صورت میں قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی۔
آئی جی جیل کی جانب سے انڈسٹری کو اَپ گریڈ اور جدید تقاضوں پر ڈھالنے کیلئے سمری بھجوانے کا حکم دیا تھا۔ نئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے سے جیلوں میں تیارکردہ اشیاء سے زیادہ منافع حاصل ہوگا۔ جیل انڈسٹری میں کام کرنیوالے قیدیوں کو اجرت بھی فراہم کی جائے گی۔