(قذافی بٹ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب وومن ونگ کی صدر ثانیہ کامران رکن پنجاب اسمبلی بن گئیں، ثانیہ کامران نصرت شاہین کی خالی ہونے والی نشست پر رکن اسمبلی بنی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سنٹرل پنجاب وومن ونگ کی صدر ثانیہ کامران کی رکن پنجاب اسمبلی کا باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔ ثانیہ کامران پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی نصرت شاہین کی کورونا سے جاں بحق ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر رکن بنی ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر ثانیہ کامران کا 33واں نمبر تھا۔ ثانیہ کامران نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپنا بھرپور کردار ادا کروں گی اور پارٹی قیادت کے اعتماد پرانشاء اللہ پورا اتروں گی ۔
یاد رہے اس سے قبل حکمران جماعت تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی کرونا سے جان کی بازی ہار گئیں، گوجرانوالہ سے تحریک انصاف کی واحد ایم پی اے شاہین رضا کرونا وائرس سے میو ہسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ نے مشیر سیاحت آصف محمود کو نئی ذمہ داریاں سونپ دیں، ٹورازم اور پی ایچ ایزسے متعلق تمام سمریاں اور فائلیں مشیر سیاحت کے ذریعے بھجوانے کا حکم نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مشیر سیاحت آصف محمود کو نئی ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔ وزیراعلی آفس سے جاری نوٹیفکیشن میں آئندہ ٹورازم اور پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز (پی ایچ ایز) سے متعلق تمام سمریاں اور فائلیں مشیر سیاحت کے ذریعے بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔ آصف محمود نے نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب حکومت سیاحت کے فروغ کو نہایت اہمیت دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ کے فیصلے سے سیاحت اور پی ایچ ایز سے متعلق اہم امور پر ضروری فیصلوں اور قانون سازی میں آسانی ہوگی۔