ویب ڈیسک : چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بھارت کا وتیرا ہے، ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں، معرکہ حق میں اللّٰہ کی نصرت سے کامیابی ملی۔
ان خیالات کا اظہار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں قومی علما مشائخ کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا، کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاست پاکستان کا آپس میں ایک گہرا تعلق ہے، اللہ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظین حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ تاریخی ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا، انتشار اور فساد نے وہاں جگہ لی، عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں، محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بھارت کا وتیرا ہے، ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں، معرکہ حق میں اللّٰہ کی نصرت سے کامیابی ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا، علما قوم کو متحد رکھیں اور قوم کی نظر میں وسعت پیدا کریں۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔