ملک اشرف : مانگا منڈی کی پختہ سڑک نہ بنانے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے معاملہ ، لاہور ہائیکورٹ نےڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 دسمبر کو جواب طلب کرلیا.
ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے شہری شیخ لطیف کی درخواست پر سماعت کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مانگا منڈی کی مرکزی سڑک گزشتہ طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ درخواست گزار کے مطابق سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑچکے ہیں جبکہ مین ہولز اور سیوریج لائنوں کے ڈھکن بھی غائب ہیں، جس سے حادثات کا شدید خدشہ ہے۔سڑک کی خستہ حالی کے باعث مکینوں کو اپنے گھروں اور علاقوں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متعدد بار شہریوں نے متعلقہ حکام سے شکایات کیں، مگر کوئی عملی پیش رفت نہ ہوسکی۔درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ عدالت نے پہلے حکم دیا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اس معاملے پر جلد فیصلہ کریں، تاہم عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، جو کہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے، تاکہ عوامی اہمیت کے اس مسئلے پر فوری اقدامات کیے جاسکیں۔