درنایاب: پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے شہر کے 808 پارکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کا پلان تیار کر لیا۔
ایم ڈی پی ایچ اے احمد عثمان جاوید کے مطابق پارکوں کی بحالی کے عمل میں طلبہ اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پی ایچ اے شہر کے پارکوں کو مزید خوبصورت اور شہریوں کے لیے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔
احمد عثمان جاوید نے کہا کہ درختوں کی جیو ٹیگنگ کے بعد ان کی نگہداشت کے لیے مزید بہتر اور مؤثر پلان مرتب کیا جائے گا، جبکہ شہر کو روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے بھی نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے شہر کے گرے ایریاز میں بھی بہتر پلانٹیشن کرے گا۔ لنگز آف لاہور اور گرین کوریڈور جیسے منصوبے پی ایچ اے کی کارکردگی اور شہر کی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایم ڈی پی ایچ اے نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کو بھی بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور شہر کو سبز و سفید رنگوں سے سجانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔