وقاص احمد:جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں شہری کے گھر پر بااثر افراد کی مبینہ چڑھائی اور فائرنگ کا معاملہ سامنے آگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں متعدد افراد کو شہری کے گھر میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
متاثرہ شہری یوسف کے مطابق 6 اگست کی شام آفاق، شاہزیب اور اشرفی نے ساتھیوں سمیت اس کے گھر پر دھاوا بولا۔ ملزمان نے گھر میں داخل ہونے کے علاوہ گھر کے باہر مبینہ طور پر فائرنگ بھی کی۔
یوسف کا کہنا ہے کہ چند ہفتے قبل بھی ملزمان نے اس پر تشدد کیا تھا، جس کا مقدمہ اس نے درج کروایا تھا۔ متاثرہ شہری کے مطابق اسی مقدمے کی رنجش میں ملزمان نے دوبارہ اس کے گھر پر حملہ کیا اور اب اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
متاثرہ شہری نے واقعے کے خلاف پولیس اسٹیشن میں اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروا دی ہے۔ یوسف نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور اسے اور اس کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔