فاران یامین: غازی آباد پولیس نے دورانِ گشت پریشانی کی حالت میں روتی ہوئی 65 سالہ بزرگ خاتون کو بحفاظت اہلِ خانہ سے ملوا کر کمیونٹی سیفٹی پولیسنگ کی بہترین مثال قائم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بزرگ خاتون گھر سے سودا سلف لینے کے لیے نکلی تھیں، تاہم واپسی پر راستہ بھول جانے کے باعث پریشانی کے عالم میں سڑک پر موجود تھیں۔
غازی آباد پولیس نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے بزرگ خاتون کو اپنی تحویل میں لیا اور ان کے اہلِ خانہ کی تلاش شروع کی۔ ایس پی کینٹ کے مطابق ایس ایچ او غازی آباد علی زیب دستگیر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بزرگ خاتون کے لواحقین سے رابطہ کیا اور بالآخر انہیں ان کے بیٹے سے ملوا دیا۔
والدہ کے بحفاظت ملنے پر بزرگ خاتون کے بیٹے نے غازی آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا اور پولیس اہلکاروں کے لیے دعائیں دیں۔
ایس پی کینٹ نے غازی آباد پولیس کے فوری اور ذمہ دارانہ اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں خصوصاً بزرگ افراد کی حفاظت اور بروقت مدد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔