سٹی 42 : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان کی وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی ۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام دیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا تذکرہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان کے لیے مسلسل معاشی و مالی معاونت قابلِ قدر ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سعودی وزیر خزانہ نے بھی پاکستان کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔