سٹی 42 : جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین حقیقی معنوں میں میثاقِ ملی ہے، آئین کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 1973کے متفقہ آئین منظور ہونے کے دن کے حوالے سے اہم پیغام جاری کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کے دن 1973 کا آئین متفقہ طور پر منظور ہوا۔ پاکستان باقاعدہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کہلایا۔ آج کا دن قومی وحدت کی علامت ہے ۔ دو تہائی اکثریت کے باوجود ذوالفقارعلی بھٹو نے قومی اتفاق رائے کو ترجیح دی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مفکر اسلام مفتی محمود اور اپوزیشن قائدین کا کردار قابل فخر ہے، آئین کا اسلامی تشخص مذہبی جماعتوں کی دوراندیش قیادت کا مرہون منت ہے۔ چاروں صوبوں کے حقوق کا تحفظ آئین کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کو ماضی میں آمرانہ قوتوں نے نقصان پہنچایا۔ سیاسی کارکنوں اور عوام نے آئین کے دفاع کے لئے قربانیاں دیں۔ قوم نے آئین کی متفقہ حیثیت کو برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا دعا ہے پاکستان ترقی، خوشحالی اور استحکام حاصل کرے ۔ اسلام اور جمہوریت ہی وطن عزیز کی کامیابی اور ترقی کی ضامن ہیں ۔