معراج اختر :کراچی میں ٹریفک پولیس شہر بھر میں جعلی اور فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف متحرک ہو گئی ہے اور مختلف علاقوں میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر بغیر نمبر پلیٹ، جعلی یا غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سی پی ایل سی, ڈرائیونگ لائسنسنگ ونگ، ایکسائیز ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی پولیس کے افسران بھی اس مشترکہ کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔
کریک ڈاؤن کے دوران طارق روڈ، کورنگی، نیشنل ہائی وے، ماڑی پور روڈ سمیت مختلف علاقوں میں سخت چیکنگ کی جا رہی ہے، جہاں خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو ضبط کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نہ صرف جعلی یا فینسی نمبر پلیٹس اتاری جا رہی ہیں بلکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری نمونہ نمبر پلیٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور گاڑی کے مکمل کاغذات ہمراہ رکھیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد شہر میں سکیورٹی کو بہتر بنانا اور جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ہے۔