ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت کا گریڈ 1 سے 16 تک خالی آسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا گریڈ 1 سے 16 تک خالی آسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

قیصر کھوکھر  : پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف سرکاری محکموں میں عرصہ دراز سے خالی پڑی گریڈ 1 سے 16 تک کی آسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے, اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں سے خالی آسامیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے یہ اقدام انتظامی اصلاحات اور سرکاری اخراجات میں کمی کے پیش نظر کیا ہے۔ کئی محکموں میں ہزاروں آسامییں برسوں سے خالی پڑی تھیں جن پر نہ تو بھرتی کی گئی اور نہ ہی ان کے فعال ہونے کا کوئی امکان موجود تھا۔

محکمہ خزانہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گریڈ 1 سے 16 تک کی خالی آسامیوں کی تفصیلی فہرست فوری طور پر ارسال کریں۔ ان آسامیوں میں مستقل، عارضی اور کنٹریکٹ بنیادوں پر منظور شدہ پوسٹس بھی شامل ہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ان آسامیوں کا جائزہ لیا جائے گا جو گزشتہ کئی سالوں سے غیر فعال ہیں، جبکہ بعد ازاں ان کے مکمل خاتمے یا دوبارہ ڈیزائننگ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سرکاری اداروں میں افرادی قوت کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور غیر ضروری مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔ تاہم بعض سرکاری ملازمین تنظیموں نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے مستقبل میں روزگار کے مواقع محدود ہو سکتے ہیں۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے سے فعال ملازمین یا جاری سروس سٹرکچر متاثر نہیں ہوگا، اور صرف طویل عرصے سے غیر استعمال شدہ آسامیوں کو ختم کیا جائے گا۔

مزید پیش رفت کے لیے محکموں سے رپورٹس موصول ہونے کے بعد حتمی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔