ویب ڈیسک:امریکا کی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا نام جیفری ایپسٹین کے ساتھ جوڑنا سراسر بے بنیاد اور کردار کشی کے مترادف ہے۔
واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ ان کے خلاف پھیلائی جانے والی باتیں جھوٹی اور گمراہ کن ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ ایپسٹین اسکینڈل کے متاثرین کے لیے کھلی سماعت کی جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کافی عرصے سے ان کے حوالے سے جعلی تصاویر اور من گھڑت بیانات گردش کر رہے ہیں، جس سے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ نہ تو وہ ایپسٹین کی متاثرہ تھیں اور نہ ہی انہوں نے ٹرمپ کی ان سے ملاقات کروائی۔
ان کے مطابق وہ اپنے شوہر سے اس وقت ملی تھیں جب ایپسٹین سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا، اور یہ ملاقات اس مبینہ رابطے سے بھی دو سال پہلے کی ہے۔
میلانیا ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انہیں ایپسٹین کے جرائم یا متاثرین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں کبھی کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ کسی طرح اس معاملے کا حصہ رہیں۔