(قذافی بٹ)وزیر اعظم کی ریلیف ٹائیگر فورس کی غیر معمولی مقبولیت، امدادی کاموں کیلئے حکومت کا بازو بننے کو ملک بھر سے 7 لاکھ افراد فورس میں رجسٹرڈ، پنجاب سے 4 لاکھ 79 ہزار ٹائیگرز نے رجسٹریشن کروائی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کورونا ٹائیگر فورس میں ملک بھر سے 7 لاکھ 17 ہزار 119 افراد نے رجسٹریشن کرائی، رجسٹریشن کرانے والوں میں 6 لاکھ 96 ہزار409 مرد جبکہ 20 ہزار 320 خواتین شامل ہیں، پنجاب میں 4 لاکھ 79 ہزار660، سندھ میں 1 لاکھ 8 ہزار 390، خیبرپختونخوا میں 97 ہزار، اسلام آباد میں 10ہزار، بلوچستان میں 8 ہزار 972، آزاد کشمیر سے 7 ہزار 911 افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے، لاہور سے 61 ہزار 873 افراد، گلگت سے 3 ہزار، فیصل آباد سے 36 ہزار 535، راولپنڈی سے 25 ہزار952 افراد ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کورونا ٹائیگر فورس میں رجسٹر ہونے والوں میں سب سے زیادہ طلبہ شامل ہیں، 2 لاکھ 42 ہزار طلبہ نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرایا، سوشل ورکر، انجنیئرز، اساتذہ، سیاسی کارکن، ڈاکٹرز، وکلاء اور صحافیوں نے بھی خود کو رجسٹرڈ کرایا۔
کورونا ٹائیگر فورس کو ہینڈل کرنے کے لیے ضلع، تحصیل اور یوسی سطح پر کمیٹی بنے گی، 10 رکنی کمیٹی کی سربراہی ضلع کی سطح پرڈپٹی کمشنر،تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر اور یو سی میں سیکرٹری یونین کونسل کرے گا، ٹائیگر فورس کورونا متاثرین کو کھانا پہنچانے اور قرنطینہ مراکز کی انتظامیہ کو اسسٹ کرنے کے فرائض سرانجام دے گی۔
ٹائیگر فورس کی ذمہ داریوں میں ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر آگاہی پھیلانا بھی شامل ہے، کورونا سے وفات پانے والے شہریوں کی آخری رسومات میں کورونا ٹائیگر فورس مدد فراہم کرے گی، ٹائیگر فورس بے روزگار، مزدوروں اور مستحق افراد کی نشاندہی بھی کرے گی۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں یہ وائرس اب تک 4601افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 66 افراد موت لقمہ اجل بن چکے ہیں۔