شہباز علی: اولمپکس گولڈ میڈلسٹ اور عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرو کھلاڑی ارشد ندیم ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے آج رات ٹوکیو روانہ ہوں گے۔
روانگی سے قبل وہ ڈی ایچ اے فیز فائیو پہنچے جہاں انہوں نے معروف اسپورٹس سرجن ڈاکٹر اسد عباس شاہ کے کلینک کا افتتاح کیا۔
کلینک پہنچنے پر ڈاکٹر اسد عباس شاہ نے ارشد ندیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سلمان اقبال بٹ اور ارشد ندیم کے چھوٹے بھائی علیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر اسد عباس نے ارشد ندیم کو کلینک کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا جن میں اسپورٹس انجریز، ڈینٹل سرجری اور دیگر یونٹس شامل تھے۔
ڈاکٹر اسد عباس شاہ نے اعلان کیا کہ ارشد ندیم کو کلینک میں تاحیات فری علاج فراہم کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس سے قبل بھی ارشد ندیم کی انجری کا علاج ڈاکٹر اسد عباس شاہ نے ہی کیا تھا۔