ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب پولیس میں سب انسپکٹرز کی بھرتی کے لیے عمر کی رعایت سے متعلق دائر درخواستیں خارج

 پنجاب پولیس میں سب انسپکٹرز کی بھرتی کے لیے عمر کی رعایت سے متعلق دائر درخواستیں خارج
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس میں سب انسپکٹرز کی بھرتی کے لیے عمر کی رعایت سے متعلق دائر درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے، اور اس کے لیے عمر میں رعایت کا اطلاق دیگر محکموں کی طرح نہیں ہو سکتا۔

 جسٹس راحیل کامران شیخ نے محمد ارشاد سمیت 60 سے زائد امیدواروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومتِ پنجاب نے مختلف محکموں میں بھرتیوں کے لیے عمر میں رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کا اطلاق پولیس بھرتیوں پر بھی ہونا چاہیے۔درخواست گزاروں کے وکیلوں نے عدالت سے استدعا کی کہ جس طرح حاضر سروس سرکاری ملازمین کو عمر میں رعایت دی گئی ہے، اسی طرح عام امیدواروں کو بھی یہ سہولت فراہم کی جائے، ورنہ یہ عمل امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔دورانِ سماعت، پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کے استفسار پر پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن پیش کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ: “عمر میں رعایت کا نوٹیفکیشن عام سرکاری ملازمین کے لیے ہے، اس کا اطلاق پولیس بھرتیوں پر نہیں ہوگا۔ پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے، جہاں فٹنس اور عمر کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔” اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل عثمان خان نے اپنے مؤقف کے حق میں سپریم کورٹ کے تین فیصلوں کا حوالہ بھی دیا۔ اس موقع پر جسٹس راحیل کامران شیخ نے لاء افسر عثمان خان سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے: “آپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پیش کر دیے ہیں، بتائیں ان فیصلوں کی موجودگی میں میں کیا کر سکتا ہوں؟ میں سپریم کورٹ کے فیصلوں سے باہر نہیں جا سکتا، ان کا پابند ہوں۔”درخواست گزار وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ امتیازی سلوک کا معاملہ ہے، کیونکہ دیگر سرکاری محکموں میں امیدواروں کو عمر میں رعایت دی گئی، مگر پولیس کے ساتھ الگ سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔
تاہم عدالت نے قرار دیا کہ یہ معاملہ امتیازی سلوک کے زمرے میں نہیں آتا، کیونکہ پولیس ایک علیحدہ فورس ہے جہاں عمر، فٹنس اور نظم و ضبط بنیادی تقاضے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ "فریش امیدوار اور حاضر سروس ملازمین برابر نہیں ہوتے، دونوں کے لیے معیار مختلف ہے۔"فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے تمام درخواستیں  خارج کر دیں۔ذرائع کے مطابق عدالت کے فیصلے کے بعد پولیس بھرتیوں کے لیے جاری کردہ موجودہ شرائط برقرار رہیں گی اور عمر میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

Ansa Awais

Content Writer