(سٹی 42) مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کورونا کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاﺅن پراتفاق ہوا ہے۔ فردوس عاشق نے اپنے جلسوں کو کورونا سے پاک جبکہ اپوزیشن کے جلسوں کو کورونا پھیلنے کا سورس قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچرل کمپلیکس اقبال ڈے کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرونا کی دوسری لہر کے پیش نظر وزیراعلی پنجاب کی زیرسربراہی میں کیبنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں متاثرہ علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاﺅن کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پنجاب میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر مانیٹرنگ کے لئے وزیر صحت یاسمین راشد،وزیر قانون اور میاں اسلم اقبال پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خطرے کے پیش نظرشادی ہالز، مارکیٹوں سمیت دیگر رش والی جگہوں پر کورونا ایس اوپیز کو سختی سے فالو کروانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
مشیر اطلاعات نے جلسوں سے متعلق انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی جلسوں میں کورونا نہیں پھیلتا وہاں ہم کورونا سے متاثرہ افراد میں صحت کارڈ تقسیم کرتے ہیں جبکہ اپوزیشن کے جلسوں پر کورونا کا خدشہ ظاہرکر دیا۔ فردوس عاشق اعوان نےسیاسی نشتر برساتے ہوئے مریم نواز کو کرپشن کی راج کماری قرار دے دیا اور کہا کہ جو کہتے تھے کہ عثمان بزدار کو کام کرنا نہیں آتا اب وزیراعلی نے انکی سانسیں روک دیں ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا شہباز شریف کی کمرجیل قریب ہوتے ہی جواب دےجاتی ہے۔ جیل سے باہر ہوں تو اچھلتے کودتے دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے علی امین گنڈا پور کی مریم سے متعلق بیان کے متعلق کہا کہ علی امین نے مریم نواز کی ڈینٹنگ پینٹنگ کاحساب مانگا ہے،عوام کے پیسوں سے انہوں نے ڈینٹنگ پینٹنگ کروائی ہے اسکاعوام حساب مانگتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت میں شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔ اپوزیشن کی دونوں جماعتوں کے ضمیر ان کو ملامت کرتے ہیں اس لئے الیکشن سے پہلے ہی الیکشن کے ہارنے کا خوف ظاہرکررہے ہیں۔