( ملک اشرف ) ایڈووکیٹ سپریم کورٹ شاہد اکرام صدیقی کے بیٹے ساجد شاہد اکرام صدیقی کا بڑا اعزاز، سٹی یونیورسٹی آف لندن کی 125 سالہ تاریخ میں پہلا پاکستانی چیئر آف سٹوڈنٹ کونسل بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے ساجد اکرام پہلے پاکستانی ہیں جو سٹی یونیورسٹی آف لندن میں چیئر آف سٹوڈنٹ کونسل منتخب ہوئے۔ سٹی یونیورسٹی آف لندن کے طلباء الیکشن میں ساجد اکرام صدیقی کے مد مقابل امریکن سمیت دیگر ممالک کے امیدوار تھے۔ ساجد اکرام صدیقی نے چھیاسٹھ ووٹوں کی بڑی لیڈ سے کامیابی حاصل کی۔
ساجد اکرام صدیقی نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ اس یونیورسٹی سے قائداعظم بھی تعلیم حاصل کرکے بیرسٹر بنے۔ اس یونیورسٹی کا چیئر آف کونسل بننا میرے اور پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے۔
ساجد اکرام کے والد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ شاہد اکرام صدیقی کا کہنا ہے کہ والدین کے لئے بڑا اعزاز یہ ہے کہ بچوں کو اچھی تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کا موقع فراہم کریں۔ ساجد نے جو کچھ کیا میں بھی خوش ہوں اور یہ پورے پاکستان کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے۔