عثمان خادم:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مختلف شہروں میں چنگچی رکشوں کے کرائے بھی بڑھا دیے گئے ہیں، جس سے روزانہ سفر کرنے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ آئے روز کرایوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، ایسے حالات میں گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرے اور ٹرانسپورٹ کرایوں کو کنٹرول کیا جائے۔
روزانہ چنگچی رکشوں میں سفر کرنے والے افراد نے شکایت کی کہ مختصر فاصلے کے کرائے بھی نمایاں حد تک بڑھ چکے ہیں، جس سے ملازمت پیشہ افراد، طلبہ اور مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
دوسری جانب چنگچی رکشہ ڈرائیوروں کا مؤقف ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے کے بعد پرانے کرایوں پر گاڑی چلانا ممکن نہیں رہا۔ ڈرائیوروں کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ان کے اخراجات کئی گنا بڑھا دیے ہیں جبکہ ٹریفک چالان اور گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات بھی الگ بوجھ بن چکے ہیں۔
ایک رکشہ ڈرائیور نے کہا کہ پٹرول انتہائی مہنگا مل رہا ہے جبکہ معمولی خلاف ورزی پر دو دو ہزار روپے کے چالان ہو جاتے ہیں، اس صورتحال میں کرایہ بڑھانا مجبوری بن گیا ہے۔
رکشہ ڈرائیوروں نے یہ بھی بتایا کہ کرایوں میں اضافے کے بعد مسافروں کی تعداد میں واضح کمی آئی ہے، جس کے باعث ان کی روزانہ آمدن متاثر ہو رہی ہے۔ شہریوں اور ڈرائیوروں دونوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں اور ٹرانسپورٹ نظام کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔