سٹی 42: : پاکستان نیوی نے بدلتی ہوئی علاقائی بحری سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آپریشن “محافظ البحر” شروع کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کا مقصد قومی جہاز رانی اور بحری تجارت کو درپیش کثیر جہتی خطرات کا مقابلہ کرنا ہے،قومی توانائی سپلائی کے تسلسل اور سی لائنز آف کمیونیکیشن کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی کے ایسکارٹ آپریشنز پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے ساتھ قریبی رابطے میں جاری ہیں، پاکستان نیوی موجودہ بحری صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور مرچنٹ جہازوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، مرچنٹ ویسلز کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے ان کی نقل و حرکت کو مانیٹر اور کنٹرول کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندری راستوں سے ہوتی ہے، آپریشن کا مقصد اہم سمندری راستوں کو محفوظ، مستحکم اور بلا تعطل برقرار رکھنا ہے، پاکستان نیوی کے جہاز اس وقت دو مرچنٹ ویسلز کو ایسکارٹ کر رہے ہیں، ان میں سے ایک مرچنٹ جہاز آج کراچی پہنچنے والا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان نیوی ابھرتے ہوئے بحری سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، پاکستان نیوی قومی جہاز رانی اور علاقائی بحری سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔