سٹی 42 : رمضان المبارک میں عوام کو اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کا گراں فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں ماہ صیام کے دوران اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے، اس سلسلے میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف متعدد کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 117 افراد جبکہ بری امام بازار سے 7 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سرکاری ریٹس کی خلاف ورزی پر تقریباً 175000 روپے کے جرمانے بھی کیے گئے ۔
سستے بازاروں میں سخت مانیٹرنگ اور جامع منصوبہ بندی کے تحت گھی 30 سے 40 روپے سستا فروخت ہورہا ہے ، رمضان سٹالز میں مرغی 20 روپے فی کلو اور انڈوں کی سرکاری قیمت میں بھی 12 روپے فی درجن کی کمی ریکارڈ کی گئی ، جبکہ دالیں اور بیسن بھی ارزاں قیمتوں پر دستیاب ہیں۔
تازہ ترین اعدادوشمار کےمطابق آلو، پیاز، ٹماٹر, لہسن، ادرک، بینگن سمیت دیگر سبزیاں راولپنڈی،لاہور اور دیگر شہروں کی نسبتاً کم قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔کیلا، مسمی، سیب، مالٹا اور خربوزے کے نرخ بھی ملک کے دیگر شہروں سے نسبتاً کم ہیں ۔
اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنے علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی فراہمی اور سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنا رہے ہیں۔ وزیرداخلہ نے متعلقہ افسران کو سستے بازاروں اور منڈیوں میں موجود رہنے اور شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت کی ہے، جس کے مطابق ناجائز منافع خوروں اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش بیچنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔
صارفین کی سہولیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہلپ لائن نمبرز اور واٹس نمبر بھی آویزاں کیے گئے ۔