ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم عمران خان کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات کے بعد حیدر آباد میں ایم کیو ایم کا زونل دفتر کھول دیا گیاہے۔
بانیٔ متحدہ کی متنازع تقریر کے بعد پابندی عائد کئے جانے پر کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں واقع ایم کیو ایم کے تنظیمی دفاتر بند کر دیے گئے تھے۔آج کراچی کے علاقے بہادر آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر ایم کیو ایم کا حیدر آباد میں بھائی خان چوک پر واقع زونل دفتر کھول دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں واقع ایم کیو ایم کے دفاتر بھی جلد کھولے جانے کا امکان ہے۔
آج ملاقات کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی جانب سے صرف وزیرِ اعظم عمران خان کی گفتگو کو سنا گیا اور دفاتر کھولنے سمیت کوئی بھی مطالبہ ان کے سامنے نہیں رکھا گیا۔ایم کیو ایم پاکستان ایک عرصے سے یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ اسے سندھ بھر میں اپنے سیل دفاتر کھولنے کی اجازت دی جائے۔