عرفان ملک:شاہدرہ ناکہ پر مشکوک گاڑی میں سوار افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک راہگیر زخمی ہوگیا، جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کی جانب سے تعاقب کیے جانے پر ملزمان مین روڈ سے گاڑی آبادی کی جانب لے گئے۔ ترجمان کے مطابق فرار کے دوران گاڑی کا ٹائر برسٹ ہو گیا، جس پر ملزمان گاڑی چھوڑ کر قریبی آبادی میں فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک راہگیر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق ملزمان کی چھوڑی گئی گاڑی کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔