علی ساہی: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے منشیات کے بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال پنجاب پولیس نے مجموعی طور پر 21 ہزار 824 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جبکہ 21 ہزار 712 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 11 ہزار 626 کلوگرام چرس، 1 ہزار 166 کلوگرام ہیروئن، 687 کلوگرام آئس اور 536 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 3 لاکھ 45 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی گئی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری رہیں، جہاں رواں سال 2 ہزار 866 منشیات فروش گرفتار اور 2 ہزار 775 مقدمات درج کیے گئے۔ لاہور میں 1 ہزار 27 کلوگرام چرس، 82 کلوگرام ہیروئن، 256 کلوگرام آئس، 29 کلوگرام افیون اور 14 ہزار 847 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے اطراف میں خصوصی کارروائیاں تیز کی جائیں جبکہ منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے